اسلام آباد، 02ستمبر(اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارتی مظالم کو ہر سطح پر اجاگر کرے گا۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے غیر قانونی اقدامات کا اثر جنوبی ایشیا کی مجموعی سیکیورٹی پر ہوگا۔
ترجمان پا ک بحریہ کے مطابق کراچی میں بحری مشق شمشیر البحر VII اور ترسیل بحر II کی افتتاحی بریفنگ کا انعقاد ہو ا ،جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تھے ۔ تقریب میں صدر مملکت کو پاک بحریہ کی جنگی اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سی پیک اور گوادر پورٹ کے منصوبوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے لیکن پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور افواج پاکستان باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی سمندر سے بلا تعطل تجارت پر منحصر ہے جس کے لیے پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق شمشیر بحر ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے جس میں تینوں افواج اورمتعلقہ وزارتوں کے نمائندگان شریک ہوتے ہیں جبکہ اس مشق کا مقصد ایسے تصورات کو عملی طور پر جانچنا ہے جنہیں بعد ازیں ملکی بحری حکمت عملی کا حصہ بنایا جا سکے۔
وی این ایس، اسلام آباد