لاہور؛کرن ویلفیئرفاونڈیشن کے زیر اہتمام چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار

0
32

لاہور،10اکتوبر( اے پی پی ):کرن ویلفیئرفاونڈیشن اور انر وہیل روٹری پرل کلب کے زیر اہتمام مارس انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز فار وومن میں خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں طالبات،خواتین اساتذہ اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔معروف سائکالوجسٹ ڈاکٹر عصمت لغاری نے چھاتی کے کینسر سے متعلق لیکچر دیا۔صدر کرن ویلفیئرفاونڈیشن روبی ہاشم، پرنسپل مارس انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز فار وومن ڈاکٹر حافظہ صبا حسین،صدر انر وہیل روٹری پرل کلب نوشابا پرویز،عافیہ علی خان،ڈائریکٹراویرنیس پروگرام ماہم الفت اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر عصمت لغاری نے کہا کہ خواتین میں چھاتی کا کینسر بڑھ رہا ہے، اس کو کم کرنے کیلئے آگاہی پروگرام منعقد ہونے چاہئیں، ماں باپ کے بعد ہم استاد سے سیکھتے ہیں، یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کے اساتذہ کو چاہئے کہ وہ طلباءکو اس بیماری کے متعلق آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی خاتون کو یہ بیماری لاحق ہو جائے تو فوری طور پر اس بیماری سے متعلق اپنے مکمل ٹیسٹ کروائیں، اگر ابتدائی مرحلہ پر خواتین میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہو جائے تو 98 فیصد خواتین کو اس بیماری سے بچایا جاسکتا ہے لیکن جہاں تشخیص لیٹ ہو وہاں مسائل بڑھ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتی ہوں کہ اگر کسی ایک کی جان بھی بچ جائے تو ہم اس میں کامیاب ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ بیماری ابتدائی سٹیج پر قابل علاج ہے لیکن ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہماری گھریلو خواتین اس کو بیان نہیں کرتیں، ہماری خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے مردوں اور ڈاکٹرزسے یہ معاملہ بیان کریں۔ بعد ازاں انہوں نے شرکاءکو بریسٹ کینسر کی وجوہات اور ا س سے بچنے کے طریقوں سے متعلق معلومات بھی دیں۔

سورس: وی این ایس، لاہور