وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس۔

0
42

لاہور21اکتوبر(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا۔صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے کاروبار زندگی میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیں گے اورقانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس اور متعلقہ ادارے ہرممکن اقدام اٹھائیں۔اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، محمد ہاشم ڈوگر، انصر مجید خان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور سیکرٹری اطلاعات نے اجلاس میں شرکت کی۔

وی این ایس  لاااہور