وزیر توانائی عمر ایوب خان سے چین کے سفیر کی ملاقات، سی پیک کے تحت جاری توانائی کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

0
48

اسلام آباد ،  3 اکتوبر (اے پی پی):  وزیر توانائی عمر ایوب خان سے چین کے سفیر یاؤ جنگ نے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں  پاکستان چین اقتصادی راہداری پر تبادلہ خیال سمیت معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لیا گیا ۔

وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں جن سے چینی سرمایہ کار بھی بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دے رہی ہے، سرمایہ کار دوست کاروباری پالیسیوں کے ذریعے کاروبار کے لئے آسان ماحول کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

 چینی سفیر جاؤ جنگ نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان میں بالخصوص بنیادی ڈھانچے، توانائی اور اشیاء سازی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ملاقات میں سی پیک کے تحت جاری توانائی کے منصوبوں پر پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری پاور عرفان علی اور پاور  ڈویژن کے دیگر اعلی افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وی این ایس ، اسلام آباد