پاکستان اور پرتگال کے درمیان بین الاقوامی سطح پر بہتر تعاون کی گنجائش موجود ہے: سلیم مانڈوی والا

0
29

اسلام آباد ، 17 اکتوبر (اے پی پی ): قائمقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پرتگال ایک اہم ملک ہے،  دونوں ممالک کے مابین بین الاقوامی سطح پر بہتر تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان اور پرتگال تجارتی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں تاکہ دونوں  ممالک میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا سکے۔ دونوں ممالک  پارلیمانی شعبوں میں تعاون اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے نقطہ کی حمایت کے لیے وفود کے تبادلوں اور باہمی رابطہ کاری کو مزید فروغ دیں ۔ پارلیمانی رابطہ کاری عوامی سطح پر تعلقات کو مزید آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

پرتگال کے سفیر  سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں انھوں نے کہا کہ نجی شعبے میں را بطہ کاری کو مزیدفروغ دے کر دو طرفہ تجارت کو بڑھا یا جاسکتا ہے۔ دونوں ملکوں میں تجارتی حجم انتہائی نچلی سطح پر ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی سطح پر مزید وسعت دی جائے۔

قائمقام چیئرمین  نے کہا کہ پرتگال ٹیکسٹائل، آلات جراحی، کھیلوں اور دیگر شعبوں میں مصنوعات پاکستان خرید سکتا ہے اور دونوں ملکوں کو مارکیٹ کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے تجارت کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔

 پرتگال کے سفیر نے کہا کہ پرتگال کے سرمایہ کار اور بزنس کمیونٹی سی پیک کے تحت جاری منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں جبکہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سی پیک کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور پرتگال کی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کی اقتصادی شراکت داری اور ایک دوسرے پر اعتماد کی ایک مثال ہے اور اس منصوبے کے تحت نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ نے پرتگال کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی اور کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی جبکہ

پرتگال کے سفیر نے قائمقام چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے  پاکستان اور پرتگال کے مابین تجارتی روابط کے استحکام اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے پرتگال کی حکومت، پارلیمان اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین   بھی دلایا۔

وی این  ایس ، اسلام آباد

Download video