پاکستان برادر ممالک کے مابین اخوت و مصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

0
29

اسلام آباد ، 14 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں۔ پاکستان کے اپنے ان دونوں بھائیوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان برادر ممالک کے مابین اخوت و مصالحت کے جذبوں کے فروغ کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم  نے تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا  اعادہ کیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ   ٹویٹر پر  معاون خصوصی نے  کہا وزیراعظم عمران خان کے   ان ممالک  کے دورے خطے میں امن و استحکام  اور اتحاد  کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔ صدر حسن روحانی کا خطے میں امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا خیرمقدم دونوں برادر ممالک کی قیادت کے ایک دوسرے پر اعتماد اور تعلقات میں قربت کا مظہر ہے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایرانی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالیہ سنگین صورتحال سے  آگاہ کیا  جبکہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت پر اظہار تشکر بھی  کیا۔

 وی این ایس ، اسلام آباد

Download Video