پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے: فردوس عاشق اعوان

0
37

لاہور،اکتوبر 21(اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے پرتگال سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔  فردوس عاشق اعوان  نے وفد کو بتایا کہ سیالکوٹ کی فی کس آمدنی پاکستان میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کے سب سے خواندگی والے شہروں میں سے ایک ہے اور معاشی سرگرمیوں کے لیے بہت زیادہ  موزوں اور قابل عمل ہے۔  انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے ہاتھ سے تیار کردہ سرجیکل آلات دنیا میں بہترین مانے جاتے ہیں۔  فردوس عاشق اعوان  نے وفد سے بیرون ملک پاکستان کے سوفٹ اور حقیقی امیج کی تصویر کشی کرنے کی اپیل کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ملک ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ری سائیکلنگ کے کاروبار کے لئے بہت مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسائیکلنگ میں سرمایہ کاری سے پرتگالی کمپنیاں نہ صرف منافع کمائیں گی بلکہ اس سے پاکستان کو صاف کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ ہم محسوس کرتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ صنعتی ترقی کی جائے۔  انھوں نے کہا کہ پاکستان صنعتی ترقی کے ذریعہ اپنی معیشت کے مسائل پر قابو پا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو سرمایہ کاری کی صحیح جگہوں کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے۔

وی این ایس، لاہور