پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن، اوکاڑہ میں کھلے ملاوٹی مصالحہ جات فروخت کرنے پر 2 مرچ گرائنڈنگ اور نمک یونٹ سیل

0
45

لاہور، 20 اکتوبر (اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے اوکاڑہ میں کھلے ملاوٹی مصالحہ جات فروخت کرنے پر 2 مرچ گرائنڈنگ اور نمک یونٹ سیل کر دئیے۔ 7 ہزار کلو کھلے مصالحہ جات،5گرائنڈنگ مشینیں اور بھاری مقدار میں خام مال بھی برآمد کرلیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کھلے مصالحہ تیار کرنے کرنے پرحاجی منور، حاجی رحمٰن عطامصالحہ چکی اورکرمانوالہ نمک کوسیل کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ مصالحوں کی تیار ی میں مضر صحت اجزاء کی ملاوٹ کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ کھلے رنگوں اور کیمیکلز کی ملاوٹ سے سرخ مرچ پاؤڈر تیار کیا جا رہا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ سابقہ ہدایات کی خلاف ورزی، صفائی اور سٹوریج کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔حشرات کی بہتات، ملازمین کے میڈیکلز نہ ہونے اور پیکنگ پر لیبلنگ عدم موجود پائی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ کھلے مصالحہ جات میں مضرِ صحت اشیاء کی ملاوٹ معدے اورانتڑیوں کے کینسر سمیت متعدد موذی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق صرف معیاری مصالحہ جات مکمل لیبلنگ اورپیکنگ میں فروخت کیے جا سکتے ہیں۔

سورس: وی این ایس، لاہور