اسلام آباد ، 27 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انشاءاللہ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ حقیقت کا روپ دھارے گا، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان، سفیر اور وکیل کا کردار ادا کر رہے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر نیشنل پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنا خصوصی پیغام ریکارڈ کرایا ہے، وزیراعظم کا پیغام پوری قوم اور کشمیریوں کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 72سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر میں اپنی فوجیں اتار کر مقبوضہ وادی پر قبضہ کیا، 72سال گزرنے اور بھارتی فوج کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے، کشمیری خواتین، بچے، بوڑھے اور جوانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے، وزیراعظم کشمیریوں کے ترجمان، سفیر اور وکیل کا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیری ظلم کے اندھیروں سے نجات پا کر آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے، کشمیر پاکستان کا شہ ررگ ہے، کشمیریوں کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں بھائیوں کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، کشمیریوں کو کبھی جدوجہد میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیریوں کو آج بولنے کی آزادی نہیں، کشمیر میں سخت کرفیو نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کشمیر سے رستا ہوا خون عالمی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودرادیت ملنے تک ان کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی، پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کی حکومت کشمیریوں کی آواز دنیا کے ہر کونے تک پہنچاتی رہے گی۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد











