ننکانہ صاحب ، 28 اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ پنجاب حکومت نے یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے ابتدائی فنڈز بھی جاری کردیئے ۔
پیر کو وزیراعظم نے ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا ، وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ بابا گرونانک یونیورسٹی 107 ایکڑ رقبے پر محیط ہو گی اور پنجاب حکومت اس کی تعمیر کے لئے فنڈز جاری کرے گی ۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی کو عالمی معیاری کی یونیورسٹی بنایا جائے گا ،جس میں پنجابی اور خالصہ زبان میں عصر حاضر کے تمام جدید علوم کی تعلیم دی جائے گی،یونیورسٹی میں طلباءکی رہائش کے لئے ہاسٹلز بھی تعمیر کئے جائیں گے۔
سنگ بنیاد کی تقریب میں گور نر پنجاب چوہدری محمد سرو، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق عوان کے علاوہ اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
وی این ایس /نیوز ڈیسک











