اسلام آباد، 2 اکتوبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جس طرح نہتے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا وہ اپنی مثال آپ ہے، آج ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
بدھ کو یہاں وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر قائم کئے گئے ”کشمیر سیل” کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے شرکاء کو وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ امریکہ، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان مملکت اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ہونے والی میٹنگز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر 120 کے قریب بین الاقوامی ملاقاتیں/روابط کئے جن میں مختلف سربراہان مملکت کے علاوہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ بات چیت شامل ہے۔ سول سوسائٹی، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ جیسی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ بہت اچھی ملاقاتیں رہیں، وزیراعظم نے ہندوستان کے جھوٹے بیانیہ کو بھرپور انداز میں بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں جس طرح اپنی تقریر میں نہتے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا وہ اپنی مثال آپ ہے، آج ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ کے منعقدہ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالہ سے مشترکہ اعلامیہ کا سامنے آنا انتہائی خوش آئند ہے۔
اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو مختلف بین الاقوامی فورمز پر مزید اجاگر کرنے کے حوالہ سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اس جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔ اجلاس کے شرکاء نے کامیاب دورۂ امریکہ پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔
اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر سیّد فخر امام، سول و عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
وی این ایس، اسلام آباد











