وزیر اعظم عمران خان سے اومان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد بن حارث النبہانی کی ملاقات

135

اسلام آباد ، 17 اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان سے اومان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد بن حارث النبہانی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ،جس میں  دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور اومان کے قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں تجارت اور مواصلاتی رابطوں کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اومان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال، غیر انسانی لاک ڈاﺅن ،کرفیو اور مواصلاتی نظام کی بندش سے آگاہ کیا جو 5 اگست سے جاری ہے اور 80 لاکھ سے زائد کشمیری اس سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تنازع کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ممکن ہے۔ اومان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے سلطان قابوس بن السید کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام انہیں پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان اور اومان کے مضبوط دو طرفہ تعلقات کا ذکر کیا اور دو طرفہ وفود کے دوروں، تربیتی پروگراموں ، مشترکہ مشقوں سمیت دفاعی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کااظہار کیا۔

 انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کو سراہا اور خلیج میں کشیدگی میںکمی اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے وزیراعظم کے اقدام کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو اومان کی قیادت کی طرف سے اپنے ملک کی دعوت بھی دی۔

سورس: وی این ایس ، اسلام ا ٓباد

download