اسلام آباد24،اکتو بر (اے پی پی ): معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے پسے ہوئے غریب نادار سے رشتہ نبھا رہے ہیں جبکہ ایم ڈی بیت المال عون عباس نے کہا ہے کہ قائداعظم کے قول کے مطابق کوئی معاشرہ خواتین کو حقوق دیے بغیر ترقی نہیں کر سکتا،وزیر اعظم کا عزم تھا کہ خواتین کو با اختیار بنائیں گے۔
اسلام آباد میں ایم ڈی بیت المال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ماضی من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ تھا،عمران خان نے کہا تھا گلے سڑے نظام سے جان چھڑاؤں گا ۔ کچھ قوانین عوام کو ریلیف دینے کے راستے میں رکاوٹ ڈال رہے تھے، عوام کو ریلیف دینے میں رکاوٹوں کو وزیر اعظم پاؤں کی ٹھوکر سے ہٹا رہے ہیں،اس وقت ون پوائنٹ ایجنڈہ وومین امپاورمنٹ ہے، وہ وقت گزر گئے جب جنگیں سرحدوں پر لڑی جاتی تھیں۔ آج مقابلہ اکنامک فرنٹ پر ہے، خواتین معیشت میں اہم کردار ادا کیا ہے، وزیر اعظم اس پروگرام کا اجراء کرنے جا رہے ہیں،
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان بیت المال ایک اہم ادارہ ہے، دکھی انسانیت کے لئے بیت المال بہت کردار ادا کر رہا ہے، حکومت نے بیت المال کو احساس پروگرام کے ساتھ وسیع کیا، وزیر اعظم کی ہدایت پر ہم نے ایم ڈی بیت المال کو دعوت دی، پاکستان میں امیر امیر ترین اور غریب غریب ترین ہے، پاکستان میں اکثریت لاچار ہیں جبکہ پانچ فیصد افراد کی اجارہ داری ہے، ماضی میں پالیسیوں کا مرکز پانچ فیصد افراد کے لیے تھا۔
اس موقع پر عون عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان وومین امپاورمنٹ کے تحت ہر سال اٹھائیس ہزار خواتین کو ٹریننگ دی جائے گی۔ ٹریننگ میں خواتین کو مختلف شعبوں میں کورسز کرائے جائیں گے۔
سورس:وی این ایس اسلا م آباد











