کاروباری برادری اور حکومت کی مضبوط پارٹنر شپ معیشت، ملکی ترقی کے لئے اہم ہے:وزیرِ اعظم عمران خان

136

اسلام آباد ، 3 اکتوبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری اور حکومت کی مضبوط پارٹنر شپ معیشت اور ملکی ترقی کے لئے نہایت اہم ہے،نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے حل کے لئے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں کاروباری شخصیات پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ نیب اور کاروباری برادری سے متعلق معاملات کو احسن طریقے سے حل کیا جا سکے۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے جمعرات کو یہاں ملک کے مختلف ایوان ہائے صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے وفد سے ملاقات میں  گفتگو کر تے ہوئے کیا  ۔ اس موقع پر کراچی، لاہور، گوجرانوالا، سیالکوٹ، اسلام آباد اور فیصل آباد کے ایوان صنعت و تجارت کے صدور نے معیشت کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لانے خصوصاً برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے وزیر اعظم کو مختلف تجاویز پیش کیں۔ وفد نے وزیرِ اعظم کی تاجر برادری سے مسلسل ملاقاتوں اور بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کو سراہا۔ وفد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں  تقریر اور کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے پیش کرنے پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان نے ہمارے جذبات کی مکمل ترجمانی کی ہے۔ وفد نے وزیراعظم کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اس سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ  ملک کا مستقبل معیشت کی ترقی سے وابستہ ہے۔ کاروباری برادری اور حکومت کی مضبوط پارٹنر شپ معیشت اور ملک کی ترقی کے لئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی کامیابی ملک کی کامیابی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے لئے آسانیاں پیدا ہوں اور وہ منافع بخش کاروبار ی سرگرمیاں انجام دے سکیں،  حکومت اس ضمن میں ہر ممکن مدد کرے گی ۔

وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داود، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیرگیلانی و دیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ  وفد میں مختلف چیمبرز کے سابق و موجودہ صدور شامل تھے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد