اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس

0
26

اسلام آباد ،08نومبر(اے پی پی ):قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے مذاکراتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا اور میں نے اسپیکر اسمبلی کو حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا رکن مقرر کیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ آج اپوزیشن والے ہمیں جمہوریت اور قانون کی باتیں سکھاتے ہیں جو ملک آپ چھوڑ کر گئے اس کا حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور ہر ہمیں  فخر ہے جنہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو دوبارہ انتخابات کا چیلنج دیا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اٹھائے گئے نقطہ اعتراض کے جواب میں کہاکہ حزب اختلاف جمہوریت اور قانون کی باتیں کرتی ہے تاہم وہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی میزپرآنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام نے عام انتخابات میں حزب اختلاف کی جماعتوں کو مسترد کردیا ہے اورانہیں رائے دہندگان کے فیصلے کو تسلیم کرناچاہیے ۔

وزیر برائے کشمیر امور  اور گلگت بلتستان   علی امین گنڈا پور نے کہاکہ وہ ضمنی انتخاب میں مولانا فضل الرحمن کے خلاف انتخاب لڑنے کیلئے اپنی نشست چھوڑنے کیلئے تیار ہیں۔ان کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے جمعیت علماء اسلام ف کے رہنما اسد محمود نے کہاکہ اگر علی امین گنڈا پور اپنی نشست چھوڑتے ہیں وہ بھی استعفی دینے کو تیار ہیں اور دوبارہ الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہیں۔

مولانا اسعد نے کہا کہ ہم دھرنے کے حوالے سے معاہدے کے پابند ہیں ۔ انہوں نے کہا ہم اداروں کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے ۔ ہم نے جو معاہدہ کیا ہے ہم اس کے پابند ہیں،ہم آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کر رہے ہیں یہ ہمارا حق ہے۔

مواصلات کے وزیر مراد سعید نے کہاکہ خواجہ آصف نے امریکیوں کو خوش کرنے اور پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کو اعتدال پسند اور روشن خیال ظاہر کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو مذہبی انتہا پسند قراردیا تھا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ تمام مسلمانوں اور پاکستان کے عوام کو عالمی فورم پر اسلام کا حقیقی تشخص اجاگرکرنے پر وزیراعظم عمران خان پر فخر ہے ۔

 اس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ ہم سب مسلمان ہیں اور ختم نبوت ۖ کے حوالے سے قانون میں ایک لفظ کی تبدیلی کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔انہوں نے کہامیری اولاد اور جان ناموس رسالت پر قربان لہذا میں پوری قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس حوالے ایک لفظ بھی تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی سہ پہر چار بجے تک ملتوی کردیاگیا ہے ۔

سورس: وی  این ایس، اسلام آباد