مودی حکومت کی طرف سے کشمیر میں فاشزم کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے:چیئرمین کشمیر کمیٹی سیّد فخر امام

0
33

اسلام آباد ، 5 نومبر (اے پی پی): چیئرمین کشمیر کمیٹی سیّد فخر امام نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا کر ان پر ظلم کیا جا رہا ہے، کشمیریوں کے حقوق سلب کئے جا رہے ہیں، کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، مودی حکومت کی طرف سے کشمیر میں فاشزم کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو آسیان پارلیمانی وفد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام نے کہا کہ کشمیر پر آسیان کی کمیٹی بنانے کے اعلان پر آسیان ممالک کے شکرگزار ہیں، پاکستان آسیان کا ڈائیلاگ ممبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اس وقت سلگتا ہوا مسئلہ ہے، سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیر کے تناعہ کو تسلیم کرتی ہیں، کشمیریوں کے حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، مودی حکومت کی طرف سے کشمیر میں فاشزم کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا لیا جاتا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آسیان ممالک کے پارلیمانی وفد کے سربراہ حاجی محمد عظمی حامد نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے بعد کے اقدامات سے صورتحال میں کشیدگی آئی ہے، کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہونا چاہئے، کشمیر کے تنازعہ کا حل خطہ کی سلامتی کےلئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون اور کرفیو فوری ختم ہونا چاہئے، کشمیری عوام پر مظالم کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے، کشمیر میں معمول کے حالات بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ممالک سمجھتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، کشمیر بارے آسیان ممالک اہم مہم چلائیں گے، ہم خطہ میں امن چاہتے ہیں، آسیان ساری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک طویل عرصہ سے حل طلب معاملہ ہے، سلامتی کونسل اسے حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، اقوام متحدہ میں اصلاحات بہت ضروری ہو گئی ہیں۔

 سربراہ آسیان وفد نے کہا کہ خدا نہ کرے کشمیر کی وجہ سے کوئی جنگ شروع ہو، یہ دنیا کےلئے خطرناک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا، آسیان کو زیادہ موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار بنیاد پرست ہے، کشمیر تنازعہ حل کئے بغیر صورتحال بہتر نہیں ہو گی۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video