وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کی ریلی میں بھر پور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام آج بھی عمران خان کے ساتھ ہیں، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی

0
33

کراچی، 17 نومبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے انصاف ہاؤس تا سی ویو ‘‘گرینڈ ورکرز ریلی’’ میں عوام کی بھرپور شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ عوام آج بھی عمران خان کے ساتھ ہیں، بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی یقینی ہے، میئر کراچی پی ٹی آئی کا ہوگا جبکہ آئندہ وزیراعلیٰ سندھ بھی ہمارا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز رکن صوبائی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان، جنرل سیکریٹری سعید آفریدی، نائب صدر سبحان علی ساحل اور دیگر نے وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے انصاف ہاؤس تا سی ویو ‘‘گرینڈ ورکرز ریلی’’ کے شرکاءسے سی ویو کے مقام پر نشان پاکستان کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے انصاف ہاؤس تا سی ویو ‘‘گرینڈ ورکرز ریلی’’ نکالی گئی جس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، کراچی ڈویژن، خواتین ونگ کے عہدیداروں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی انصاف ہاؤس شارع فیصل سے شروع ہو کر سی ویو کلفٹن پر نشان پاکستان کے سامنے اختتام پذیر ہوئی جہاں پارٹی رہنماؤں نے ریلی کے شرکاءسے خطاب کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کامیاب ریلی کے انعقاد پر کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ شہر کراچی آج بھی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح یقینی ہے اور میئر کراچی پی ٹی آئی کا ہوگا۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ آئندہ صوبائی حکومت بھی سندھ میں تحریک انصاف کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے ویژن پر عمل پیرا ہیں۔ کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سعید آفریدی نے کہا کہ مذہب کے نام پر ووٹ لینے والے مذہب کی خدمت کی بجائے ملک میں انتشار اور افراتفری کی سیاست کر رہے ہیں۔ سبحان علی ساحل نے کہا کہ کامیاب ریلی پر کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں اور ہم ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے عمران خان کے ساتھ ہیں۔

سورس: وی این ایس، کراچی