وزیراعلیٰ پنجاب  کی  ٹڈی دل کے حملے  سے فصلوں کو بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی  ہدایت

0
11

لاہور،8نومبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  ٹڈی دل کے حملے  سے  فصلوں کو بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اور وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے  کہا ہے کہ بہاولپور، رحیم یار خان اور بہاولنگر کے علاقوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے  اور ٹڈی دل کے مکمل خاتمے تک سپرے جاری رکھا جائے اور مستقبل میں ٹڈی دل کے حملے سے فصلوں کو بچانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائےاس ضمن میں وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں شعبہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹڈی دل کے حملے سے فصلو ں کو بچانے کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا اور زرعی گریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 20کروڑروپے کی لاگت سے 130زرعی گریجویٹس کو تربیت دی جائے گی، پنجاب میں فلوری کلچر کے فروغ کیلئے نیا پروگرام شروع کیاجائے گااس پروگرام پر تقریباً 40کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں گے، پنجاب زرعی صوبہ ہے،زراعت کی ترقی سے معیشت مضبوط ہوگی، کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ پہلے بھی کیا ہے آئندہ بھی کریں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری حکومت نے گندم اورگنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیاہےآئندہ سیزن میں بھی گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا ثمر دیں گے۔

صوبائی وزراء راجہ بشارت، نعمان لنگڑیال، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز زراعت، خزانہ، اطلاعات، چیئرمین ٹاسک فورس برائے فرٹیلائزرز، سپیشل سیکرٹری زراعت مارکیٹنگ، ڈی جی ایوب ایگریکلچر انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

سورس: وی  این ایس، لاہور