وزیر خارجہ کا کرتارپورراہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے آئے سفارتکاروں کے وفد کا خیر مقدم

0
34

کرتارپور، 09نومبر(اے پی پی ): کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے سفارتکاروں کے وفد کا کر تارپور پہنچنے  پر  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے استقبال  کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر انہوں نے  کہا کہ اگر اکیسویں صدی ایشیاء کی صدی ہے تو بدقسمتی سے جنوبی ایشیاء بہت پیچھے ہے کیونکہ ہم اپنے باہمی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہے  ہیں ،ہمیں پانی کی کمی، ماحولیاتی آلودگی اور بھوک و افلاس سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے  اور ان  کے خاتمے کیلئے  ہمیں اقدامات کرنا ہوں گے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کی طرف سے ،امن، مذہبی رواداری اور محبت کا پیغام ہے ،مجھے خوشی ہے کہ سابقہ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ آج تشریف لا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مودی نے کرتارپور راہداری کے افتتاح پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے ہمیں خوشی ہو گی اگر مودی مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اور مظالم ختم کر کے وزیر اعظم عمران خان کو شکریہ کا موقع دیں گے ۔

وزیر خارجہ نے سفارتی وفد  کو کرتارپور راہداری اور   دربار صاحب کا دورہ بھی کروایا۔

سورس: وی  این ایس ، اسلام آباد