پاکستان میں اقلیتی برادری کو یکساں حقوق حاصل ہیں: گورنر سندھ عمران اسماعیل

0
25

کراچی،08نومبر(اے پی پی ):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے  وائی ایم سی اے(YMCA) کی 114 ویں سالگرہ کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب میں  کیا ۔تقریب میں YMCA کے سیکریٹری اسپورٹس بابر پال، معروف ڈاکٹر جنید علی شاہ ، برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر، تھائی لینڈ کے قونصل جنرل کے علاوہ دیگر عمائدین شہر بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سکھوں کی بابا گرونانک کے ساتھ مذہبی عقیدت کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ حکومت نے کرتار پور راہداری کھولی،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش اور بحالی کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے جبکہ YMCA کے تحت مثبت سرگرمیوں کے لئے کیے جائے والے اقدامات قابل ستائش و تحسین ہیں اور YMCA کی جانب سے کھیلوں کے لئے تیار کردہ منصوبے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔

تقریب کے آخر میں گورنر سندھ نے YMCA کے لئے خدمات کے اعتراف میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

سورس: وی   این ایس، کراچی