پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا ؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

0
39

اسلام آباد ، 21 نومبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔

یہ بات انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر قائم کشمیر سیل کے پانچویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس جمعرات کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سٹرٹیجک پالیسی پلاننگ سیل ڈاکٹر معید یوسف کے علاوہ سول اور عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

 اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کےلئے “کشمیر سیل” کے تحت اب تک کی جانے والی کاوشوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج بھارت کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں، امریکی کانگریس کے لنٹاس کمیشن کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی حالیہ رپورٹ انتہائی اہم ہے جس میں انہوں نے واضح لکھا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ذرائع مواصلات پر پابندی ہے تاکہ اصل صورتحال کو دنیا کی نظروں سے پوشیدہ رکھا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ آج 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور ہوئے 108 یوم گزر چکے ہیں، آج انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا سمیت پوری دنیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور بھارت سے کشمیریوں کا بلاجواز محاصرہ ختم کرنے اور انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔

 وزیر خارجہ نے اراکین کمیٹی کو صدر سیکورٹی کونسل اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو لکھے گئے اپنے حالیہ خطوط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر مزید اجاگر کرنے اور ہندوستان کے جھوٹے پروپیگنڈا کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔

وی  این ایس، اسلام آباد

Download Video