چارسدہ میں خیبرپختونخوا کے پہلے ویکسین سٹوریج فیسیلٹی سنٹر کا افتتاح

0
94

پشاور،7نومبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ  نے جمعرات کو یو این ایچ سی آر  کے تعاون سے صوبائی محکمہ صحت کے حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام کے تحت چارسدہ میں صوبے کے پہلے سٹوریج فیسیلٹی سینٹرکا افتتاح کیا ۔ سٹوریج فیسیلٹی سینٹر کے  قیام سے صوبے کے دس لاکھ سے زیادہ بچوں اور دس لاکھ ماؤں کو فائدہ حاصل ہو گا۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے سیفران شہریار آفریدی بھی موجود تھے ۔افتتاحی  تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے وزیر صحت نے سٹوریج سینٹر کے قیام کو بڑی کامیابی قرار دیا۔انہوں نے  تمام شراکت داروں اور عالمی اداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام  اور صحت کے حوالے سے تمام شراکت داروں اور عالمی اداروں کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

وزیر مملکت برائے سیفران شہریار آفریدی نے بھی صوبے کے پہلے کولڈ چین سٹوریج فیسیلٹی کو ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے سب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یواین ایچ سی آر اور دیگر عالمی اداروں کا تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کو محفوظ پناہ دی اور یہ عمل آج بھی جاری ہے جبکہ افغان مہاجرین کو پاکستان کی طرف دی جانیوالی سہولیات کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی ہے۔آج بھی مہاجرین کو تجارت، تعلیم اور ہر قسم کی آزادی حاصل ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تعلیم اور صحت پر کثیر رقم خرچ کی جارہی ہے، جبکہ حکومت اور عالمی اداروں کے تعاون سے ویکسینیشن ریٹ کو ہم نے مل کر 100 فیصد تک پہنچانا ہے۔

تقریب میں یواین ایچ سی آر اسسٹنٹ ہائی کمشنر آپریشن جارج اوکوتوبو، صوبائی وزراء ،  وزیر قانون سلطان محمد خان اور دیگر حکام نے  بھی شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، پشاور