ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیر صدارت سائلین اور جوڈیشل افسران کے مسائل کے حوالے سے قائم کردہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس

0
81

اسلام آباد، 20 نومبر(اے پی پی ): سائلین اور جوڈیشل افسران کے مسائل کے حوالے سے قائم کردہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی زیر صدارت   ہوا ۔ جس  دوران ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر ضلع کچہری دیکھنے کا موقع ملا۔دارلخلافہ میں ضلعی عدالتوں کے انفراسٹرکچر کی خستہ حالی  دیکھ کر افسوس ہوا،ماضی میں اقتدار کی باریاں لینے والوں نے اس مسئلے کے حل پر کوئی توجہ نہ دی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدالتوں میں سائلین کیلئے سہولتیں موجود نہیں ہیں، عدالتوں کی حالتِ زار وزیراعظم کے نوٹس میں لیکر آئی  تو وزیراعظم نے اس ضمن میں فوری طور پر کمیٹی قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی اساس ہی  انصاف ہے،انصاف کے نظام کو مضبوط بنانا وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے۔ وزیر قانون بیریسٹر فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل انور منصور خان نے بھی اس مسئلے کی اہمیت اور حل کو ضروری سمجھا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے ان مسائل کے حل کیلئے اقدامات کی  ہدایات کیں،اسی سلسلے میں ذیلی کمیٹی کا آج اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔جج صاحبان مشکل اور کٹھن حالات میں فرائض انجام دیتے ہوئے عوام کو ریلیف اور انصاف فراہم کر رہے ہیں۔اجلاس میں عدالتوں کی حالتِ زار بہتر بنانے کیلئے چیدہ مسائل کی نشاندہی کی گئی۔

اجلاس کو صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار صدرڈسٹرکٹ بار اور وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل نے وکلاء،سائلین اور عدالتوں کے انفراسٹرکچر کے مسائل متعلق تفصیلی آگاہ کیا جبکہ  اجلاس میں مسائل کے حل اور عدالتوں کی حالتِ زار کی بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

اجلاس میں منظور شدہ منصوبہ جات پر تیزی سے کام آگے بڑھانے اور نئے منصوبوں پر کام کے حوالے سے جامع حکمتِ عملی اور سفارشات مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا ،اس ضمن میں آئندہ اجلاس اگلے ہفتے منعقد ہوگا۔

اجلاس میں صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار راجہ انعام،صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری خانزادہ،وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل ہارون الرشید،ممبر اسلام آباد بار کونسل سجاد افضل چیمہ،چیئرمین انصاف لائرز فورم شاہد گوندل، سیدمحمدعلی بخاری ایڈووکیٹ ،ڈپٹی اٹارنی جنرل،وزارت قانون و انصاف،وزارت داخلہ،ہائوسنگ،فنانس اور سی ڈی اے کے نمائندگان نے شرکت کی۔

وی  این ایس،  اسلام آباد