احتساب کو یرغمال بنانے کیلئے وزیراعظم کی ذات کو ٹارگٹ کرنا افسوس ناک ہے:ڈاکٹر فردوس

140

اسلام آباد، 14نومبر(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا  ہے کہ احتساب کو یرغمال بنانے کیلئے وزیراعظم کی ذات کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن کے اس رویے کی مذمت کرتی ہوں، یہ  رویہ انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت نواز شریف کی فیملی سے تاوان طلب کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ شہبازشریف صاحب،تاوان اغوا کارلیا کرتے ہیں ،سہولت کار نہیں،کسی بھی بیمار شخص کیلئے بہتر جگہ ہسپتال ہوتا ہے گھر نہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کو مجرم عدالتوں نے  قرار دیا ہے  حکومت نے نہیں، مسلم لیگ ن گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہے،شہباز شریف کمرے میں بیٹھ کر گارنٹی بانڈ   کی حمایت اور باہر آ کر نفی کرتے ہیں ،شہباز شریف کے  دہرے معیار اوردو بیانیوں سے قوم گمراہ نہیں ہو گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو  قانون میں رہتے ہوئے ہر ممکن سہولت کاری فراہم کی اور انکی  صحت کے ساتھ کوئی کھلواڑ نہیں کیا۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں کی مد میں گروی رکھنے والے ایک سٹامپ پیپر دینے کو تیار نہیں۔

ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ تحریک انصاف عدالتوں کا احترام کرتی ہے،عدلیہ آ پ کو جو بھی ریلیف دے حکومت اس پر من و عن عمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کسی پریشر میں آئے بغیر انسانی ہمدردی  کی بنیاد پر ریلیف دے رہے ہیں۔

معاون خصوصی  برائے اطلاعات ونشریات  نے واضح کیا کہ زلفی بخاری اور پرویز مشرف  کے کیس میں کوئی بھی عدالت سے سزا یافتہ نہیں تھا،ن لیگ کا بیانیہ ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ وہ سچ لگنے لگے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد