جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ہر شعبے میں بہتری لائی جا سکتی ہے:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

130

اسلام آباد ، 8 نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ہر شعبے میں بہتری لائی جا سکتی ہے، حکومت کی ترجیح ہے کہ معیشت کے تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے، ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات آئیڈیجسٹ گلوبل کے چیئرمین حسن سید سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزارت آئی ٹی اور صدر پاکستان کی ٹیم کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس ضمن میں امرجنگ ٹیکنالوجیز انتہائی اہم ہیں جن پر آج پوری دنیا میں کام ہو رہا ہے، پریزیڈینشل انیشی ایٹو آن آرٹیفشل انٹیلجنس کا اجراءبھی ٹیکنالوجی کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال ملکی معیشت کے لئے بھی بے حد ضروری ہے اسی لئے حکومت کی ترجیح ہے کہ معیشت کے تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے۔ تعلیم اور صحت سے لیکر زراعت اور صنعت تک ہر شعبے میں ٹیکنالوجی نے بہتری کے بے پناہ مواقع پیدا کر دیئے ہیں اور ہمیں ان مواقع کا بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیئے۔

 آئیڈیجسٹ گلوبل کے چیئرمین حسن سید نے اپنے نظریے “مستقبل کے سائنس پارک” کے بارے میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے اختراعات کو قدر میں تبدیل کرسکتا ہے اور اس سے علمی معیشت کی ترقی کو تیز کیا جاسکتا ہے۔

حسن سید نے کہا کہ سائنس پارکس عالمی “علمی معیشت” کے بنیادی ڈھانچے کا عنصر ہیں۔ وہ ایسی جگہیں مہیا کرتے ہیں جو جدت کو فروغ دیتے ہیں اور ٹیکنالوجی کی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے نئی جہات متعارف ہوتی ہیں اور جہاں حکومتیں ، یونیورسٹیاں اور نجی کمپنیاں باہمی تعاون کے لیے اکٹھی ہوسکتی ہیں۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد