حکومت ہر شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات لا رہی ہے : فردوس عاشق اعوان

156

 

اسلام آباد ، 05 نومبر (اے پی پی ):  وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے  اطلاعات و نشریات  ڈاکٹر  فردوس عاشق اعوان نے کہا  ہے کہ حکومت ہر شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات لا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے 23سال سیاسی جدوجہد کی ہے ۔ تبدیلی کے سفر کا آغاز قوانین میں تبدیلی لا کر شروع ہو چکا ہے۔ موجودہ حکومت نے انگریز کے بنائے ہوئے قوانین میں تبدیلیاں کی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔معاون خصوصی نے کہا کہ ضلعی عدالتوں کی حالت زار اور مسائل وزیراعظم کے نوٹس میں لے آئی ہوں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ضلعی عدالتوں کا جائزہ لینے کاموقع دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی عدالتیں جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل ہوں گی۔ عدالتی  مسائل کے حل کیلئے خصوصی کمیٹی بھی بنائی جا رہی ہے جس  میں وکلاء کے نمائندے اور  وزارت قانون کے حکام شامل ہونگے۔

ڈاکٹر  فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ عوامی فلاح کیلئے قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو بھی تعاون کرنا چاہیے۔ مولانا  پر تنقید کرتے ہوئے  معاون خصوصی نے کہا کہ عالم دین کا کام لوگوں کے مسائل حل کرنا اور دلوں پر مرہم رکھنا ہوتا ہے،امید ہے مولانا فضل الرحمان اپنے طرز عمل سے کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

 وی این ایس ، اسلام آباد

Download video