عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیراعظم سول سروس ریفارمز لانا چاہ رہے ہیں؛ ڈاکٹر عشرت حسین

145

کوئٹہ، 14 نومبر (اے پی پی ): وزیراعظم کے مشیر برائے سول سروسز ریفارمز اور کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان سول سروس ریفارمز لانا چاہ رہے ہیں جسکا مقصد ملک میں عام شہری کو معیاری تعلیم، طبی سہولیات،پینے کا صاف پانی،آمدورفت کے بہترین زرائع جیسے بنیادی ضروریات فراہم کر سکیں جس سے عوام کی روزمرہ کی زندگی بہتر ہو جائیگی۔

سول سروس ریفارمز کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے وزیراعظم کے مشیر برائے سول سروسز ریفارمز اور کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہر وزیر کے ساتھ کارکردگی کے حوالے سے معاہدہ کرینگے جس میں مخصوص میں مخصوص اہداف اور مقاصد کی نشاندہی کی جائیگی اور ان پر وقتا فوقتا غورکیا جائے گا، وزیر کے ماتحت کام کرنے والے آفیسران کی کارکردگی کے اہداف طے کئے جائیں گے اور اس کا نتیجہ اسی معاہدے کے تحت اخذ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کے وزیراعظم کا مقصد موجودہ نظام کی خامیوں اور کمزوریوں پر قابو پانا ہے اور کیریئر میں آگے بڑھنے کے مواقع اور معاوضے وغیرہ کے معاملات میں اعلی ترین اور دیگر سروس کے درمیان تفریق ختم کرکے اسے مساوی سطح پر لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای۔گورنینس سسٹم کو متعارف کروانے کے لیے روڈ میپ تیار کیا جارہا ہے جس سے فائل کے کام سے جان چھڑانے میں مدد ملے گی اور اس مقصد کے لیے ایک قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔

چیف سکریٹری نے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے سول سروس ریفارمز کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات بات خوش آئند ہے اور اس حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس قائم کیا جائے گا، جو صوبے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سول سروس ریفارمز کے لیے تجاویز دینگے۔

انہوں نے کہا کہ باہر سے ماہرین لانے کے بجائے اپنے آفیسرز کو تربیت دیکر ٹیکنیکل ایڈوائزر،مختلف اداروں کے چیئرمین کیوں نہیں بنا سکتے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر سمیت صوبائی سیکریٹریز نے شر کت کی۔

سورس: وی  این ایس،  کوئٹہ