اسلام آباد ، 27 نومبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی اور سفارتی تعلقات ہیں‘ افریقی ممالک کے ساتھ مثبت بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے اصولوں کے تحت روابط کے خواہاں ہیں‘ ہمیں باہمی تجارتی حجم بڑھانے ضرورت ہے‘ معاشی سفارتکاری کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنائیں گے۔
وزارت خارجہ میں افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا کی دو روزہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کانفرنس کے دو بنیادی مقاصد ہیں‘پہلا افریقی ممالک کے ساتھ اپنے روابط کا فروغ اور دوسرا پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے عملی اقدام کرنا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افریقہ ایک اہم براعظم ہے جو54 ممالک پر مشتمل، 2.3 ٹریلین ڈالر کی مجموعی جی ڈی پی کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی، سفارتی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹ فورسز قیام امن کیلئے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے تحت بہت سے افریقی ممالک میں خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے این اے ایم اور جی۔ 77،جیسے بین الاقوامی فورمز پر افریقی ممالک کا ساتھ دیا‘ افریقی ممالک کے 700 ڈپلومیٹس، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے تربیت حاصل کر رہے ہیں، ہمیں افریقی ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کے حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم افریقی ممالک کے ساتھ مثبت، بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے باہمی اصولوں کے تحت روابط کے خواہشمند ہیں۔مجھے امید ہے کہ یہ سفراءکانفرنس افریقی ممالک کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرے گی۔
وی این ایس،اسلام آباد