اسلام آباد ، 07 نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں وزیر مملکت برائے ہاﺅسنگ محمد شبیر علی قریشی، معاون خصوصی ندیم افضل گوندل، ممبران قومی اسمبلی مخدوم باسط بخاری، عامر طلال گوپانگ، نیاز احمد جھاکڑ، خواجہ شیراز محمود، محمد امجد فاروق خان کھوسہ، سردار محمد خان لغاری، سردار نصر اللہ خان دریشک، سردار ریاض محمود خان مزاری اور ملک محمد عامر ڈوگر شامل تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیہات سے شہروں تک سڑکوں پر توجہ ہے تاکہ چھوٹے کسان کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پچھلی حکومتوں نے اس خطہ کو نظر انداز کئے رکھا، جنوبی پنجاب کےلئے سستی بجلی بشمول شمسی توانائی کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کےلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔ ملاقات میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں، علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد