ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کی پہلی صدرات پاکستان کو مل گئی، انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد 2020 میں ہو گا

290

اسلام آباد ، 24 دسمبر  (اے پی پی ):ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کی پہلی صدرات پاکستان کو مل گئی،عمر سعید،ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے  پہلے  صدر منتخب  ہوگئے جبکہ پاکستان میں انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد 2020 میں ہو گا۔

ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کےنومنتحب  صدرعمر سعید کے ہمراہ  پریس کانفرنس  سے خطاب میں پاکستان تائیکوانڈو  فیڈریشن  کے صدر کرنل  وسیم نے  کہا کہ اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ ہونے جارہا ہے، ہم پاکستانی اتھلیٹس کو اولمپکس کی طرف لے جا رہے ہیں  اور تائیکوانڈو  میں  پاکستان میں اولمپک میڈل لے کر آنا ہمارا مقصد ہے، ہم پاکستان کو اولمپک چیمپئن بنانا چاہتے ہیں۔

 کرنل  وسیم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،سیکریٹری آئی پی سی اور وفاقی وزیر نے ہمارے اتھلیٹس کو انعامات دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔وفاقی حکومت سے پاکستان میں تائیکوانڈو کے لئے انفراسٹرکچر  کی درخواست کی ہے جس میں انہوں نے  مثبت رسپانس دیا ہے،پاکستان میں تائیکوانڈو لیگ کلچر لانا چاہتے ہیں۔

ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صدر عمر سعید کا کہنا تھا  مجھے صدر کا عہدہ ملنا پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انٹرنیشنل تائیکوانڈو کی جانب سے اکتوبر میں پاکستان میں پہلا  انٹرنیشنل ایونٹ ہونے جارہا ہے جس سےاس کھیل کو  کافی فروغ ملے گا۔2021 میں پاکستان میں سیف چیمپئن شپ بھی کروا رہے ہیں۔  اس کے ساتھ پاکستان میں جی ون ایونٹ بھی منعقد ہوگا۔ سیف چیمپئن شپ پاکستان میں ہونا ایک اعزاز کی بات ہے، جوکہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا اپنا ایونٹ ہوگا۔ سیف چیمپئن شپ  اور جی ون ایونٹ کے لئے انڈیا نے شرکت کرنے کی  آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

عمر سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو چیمپئن بھی کروانے جارہے ہیں۔ایسوسی ایشن کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ( ساٹا) سے نا صرف پاکستان بلکہ ساؤتھ ایشیا میں بھی تائیکوانڈو کو فروغ ملے گا ۔پاکستانی اتھلیٹس 2019 میں 17 انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کر چکے ہیں جو کہ ایک اعزاز ہے، ہر چیمپئن شپ میں  ہمارے اتھلیٹس کی کارکردگی بہت عمدہ رہی ہے ،ہر سطح پر تمام کھلاڑیوں نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا۔حالیہ انٹرنیشنل ایونٹ میں 3 گولڈ، 7 سلور  اور 7 کانسی کے تمغے بھی حاصل کیے۔

انہوں  نے کہا کہ ہم انٹرنیشنل اتھلیٹس کو پاکستان بلانا اور اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرنا چاہتے ہیں، اس ایسوسی ایشن سے ریجنل سطح پر رابطے بڑھیں گے۔اتھلیٹس کو نیپال اور دیگر ممالک بھیج کر  انکی ٹریننگ کرانا چاہتے ہیں۔ریجنل ایسوسی ایشن سے کھلاڑیوں کے ٹریننگ  کے مواقع میسر ہونگے۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download video