انفارمیشن ٹیکنالوجی قوموں کی ترقی خوشحالی کے لیے اہم ہے:صدرمملکت عارف علوی

152

اسلام آباد , 20 دسمبر (اے پی پی) :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی قوموں کی ترقی خوشحالی کے لیے اہم  ہے، ڈیجیٹل پاکستان کے تصور کو حقیقت بنانے کے لیے ہواوے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور دیگر شراکت داروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے۔

ہواوے کے سپروائزری بورڈ کے ممبر سٹیون یی سے بات چیت کرتے ہوئے  صدر مملکت نے پاکستان کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری میں ہواوے کے کردار کو سراہتے ہوئے آئی سی ٹی ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے اس کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے ڈیجیٹل پاکستان کے تصور کو حقیقت میں ڈھالنے کے لیے ہواوے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور دیگر شراکت داروں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

 انہوں نے کہا کہ این آئی ٹی بی، ڈیجیٹل پاکستان کی ٹیم اور صدر کے آئی سی ٹی ٹیلنٹ ٹریننگ پروگرام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے ہواوے اپنے آئی سی ٹی کے ماہرین پاکستان بھیجے۔

اس موقع پر ہواوے کے سپر وائزری بورڈ کے ممبر نے صدر مملکت کو کمپنی کی رواں سال عالمی سطح پر مسلسل نمو کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان میں آئی سی ٹی انڈسٹری، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور آئی سی ٹی ٹیلنٹ ٹریننگ کے بارے بھی بتایا۔

انہوں نے ڈیجیٹل پاکستان کے چیلنجز کے بارے میں اپنے تاثرات سے صدر مملکت کو آگاہ کیا اور کہا کہ ہواوے پاکستان میں عالمی آئی سی ٹی فورم اور عالمی صف اول کے آئی سی ٹی کے ماہرین لانے کی خواہش مند ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہواوے ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور آئی سی ٹی اکیڈمیز کے ساتھ ساتھ صدر مملکت کے مصنوعی ذہانت و کمپیوٹنگ کے اقدام کے ذریعے مقامی آئی سی ٹی ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے کام جاری رکھے گی۔

وی این ایس،اسلام آباد