تحریک پاکستان سے وابستہ قیمتی اثاثے کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا حکومت کا فرض ہے:فردوس عاشق اعوان

131

اسلام آباد ، 30 دسمبر (اے پی پی ): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان سے وابستہ قیمتی اثاثے کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا ہمارا فرض ہے،عمران خان کی صورت میں قائد کا پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

ایوان قائد  میں یوم قائد  کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں قائد کی شخصیت اور تحریک کو تصویری انداز میں پیش کرنے پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے  معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے پاکستان کو عملی تعبیر دینے کیلئے وزیر اعظم ہر شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  کا کہنا تھا کہ بھارت کے موجودہ حالات نے دو قومی نظریے کی حقیقت ثابت کردی ہے ،وزیراعظم عمران خان اپنے بچوں کے بجائے قوم کی فکر میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کی قیادت میں ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

معاون خصوصی  نے کہا کہ جن کے ذمہ ملک کی سلامتی تھی وہ اداروں میں ٹکراؤ کا باعث بنتے رہے،ڈان لیکس کی صورت میں اپنے ہی اداروں کے خلاف کام کرتے رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نیب آرڈیننس کو پڑھے بغیر ہی تنقید برائے تنقید پر عمل کر رہی ہے جبکہ  نیب آرڈیننس میں دیانتدار اور ایماندار لوگوں کا تحفظ کیا گیا ہے۔

 وی این ایس ، اسلام آباد

Download video