گوجرانوالہ ، 7 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جن کا دامن کرپشن سے آلودہ ہے وہ وزیر اعظم عمران خان پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں،کرپٹ ٹولے کا واویلا کرنا ثابت کرتا ہے کہ وزیراعظم کا ایجنڈا جیت رہا ہے،لیگی ترجمانوں نے 18سوالوں کے جواب نہیں دیئے اور وہ حکومت سے ایک سال کی کارکردگی مانگ رہے ہیں،شہباز شریف آئیں بائیں شائیں کر کے حکومت کو احتساب سے نہیں روک سکتے،شہباز شریف خاندان سمیت پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کریں۔
ہفتہ کو گوجرانوالہ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے،کامیاب جوان پروگرام کے تحت 52فیصد خواتین کو با اختیار بنا ئیں گے ،بچوں سے متعلق قوانین کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے ،کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو تین مرتبہ وزیراعظم اور تین وزیراعلیٰ رہے وہ اگر عدالتوں میں جواب نہیں دیں گے تو عام شہری کس طرح عدالتوں کا احترام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے باہر ہو تو شریف خاندان من گھڑت بیانیہ بنا کر باہر چلا جاتا ہے،شہباز شریف خاندان سمیت پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کریں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک سینئر صحافی نے اپنے کالم میں لکھا تھا کہ مولانا طارق جمیل کے کہنے پر مصباح الحق کو دو عہدے دیے گئے ہیں، اس خبر کی مذمت کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں میرٹ پر تعیناتی ہو رہی ہے جب نئی ٹیم لاتے ہیں تو انہیں ٹیلنٹ کے ساتھ ساتھ ٹریننگ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے میدان آباد ہو رہے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں واپس آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020ءکرکٹ کا بہترین سال ثابت ہو گا اور کرکٹ کے حوالے سے اچھی خبریاں آئیں گی اور کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہو گا۔
وی این ایس ، اسلام آباد