صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بینکنگ محتسب محمد کامران شہزاد کی ملاقات

117

اسلام آباد ،06 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بینکنگ محتسب محمد کامران شہزاد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے بینک صارفین کو مالی نقصان سے بچانے کےلئے بینکنگ محتسب کے کردار کو سراہا۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ شکایت کنندگان کے اطمینان کےلئے بینکنگ محتسب کے احکامات پر بروقت عملدرآمد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صدر مملکت نے ادارے کی سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی بشمول ای کمپلینٹس کے استعمال پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کےلئے ادارے کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے آگاہی مہمات کا آغاز کیا جائے کیونکہ یہ خدمات بلامعاوضہ ہیں اور اس میں وکیل کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔ انہوں  نے بینکنگ سیکٹر میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائمز کے سدباب کےلئے احتیاطی تدابیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔

 بینکنگ محتسب نے بتایا کہ 2019ءمیں اب تک تقریباً 14 ہزار شکایات موصول ہوئیں، جو پچھلے سال سے 32 فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شکایت دہندگان کو 32 کروڑ کا ریلیف دیا گیا اور یہ خدمات بلا معاوضہ فراہم کی گئیں۔ بینکنگ محتسب نے صدر مملکت کو ادارے کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور ان سے نمٹنے کےلئے قانونی ترامیم کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

اے پی پی /ظہیر/حامد