قانونی طریقہ، بینکنگ چینل یا پاکستان پوسٹ کے ذریعے رقوم  بھیجنے والے تارکین وطن کو مراعات دیں گے،؛وزیراعظم عمران خان

132

اسلام آباد ، 24 دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قانونی طریقہ، بینکنگ چینل یا پاکستان پوسٹ کے ذریعے رقوم پاکستان بھیجنے والے تارکین وطن کو مراعات دیں گے، میرٹ پر مبنی نظام ہی کامیاب ہوتا ہے، پی آئی اے سمیت دیگر اداروں میں بہتری لانے کیلئے پرعزم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان پوسٹ کے ذریعے ترسیلات زر بھجوانے کی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت کی کمائی پاکستان بھیجتے ہیں، ان کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کا ہماری ملکی معیشت میں اہم کردار ہے، یہ تارکین وطن سال میں ایک، دو بار اپنے خاندانوں کو ملنے ملک واپس آتے ہیں ہمیں ان کی قدر کرنی چاہئے کیونکہ یہ ہمارا قیمتی ورثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سفارتخانوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرو ن ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل فوری حل کریں اور ان کا خیال رکھیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے آسانی پیدا کرنا ہماری ذمہ داری ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور ان کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قانونی طریقہ، بینکنگ چینل یا پاکستان پوسٹ کے ذریعے رقوم پاکستان بھیجنے والے تارکین وطن کو مراعات دیں گے اس حوالہ سے پالیسی بنا رہے ہیں، ان کے اہلخانہ کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کے 500 ڈاکخانوں میں ترسیلات زر کی رقوم بھیجنے کی سہولت حاصل ہو گی۔ نیا پاکستان یہ ہے کہ ہم نے لوگوں کی زندگی میں آسانی لانا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے، جمہوریت اور بادشاہت میں فرق ہے، جمہوریت میں حکومت عوام کی خدمت کرتی ہے اور بادشاہت میں عوام بادشاہ کی خدمت کرتے ہیں، انگریز دور میں بھی یہی سوچ تھی، ماضی میں ہمارے دفاتر میں انگریز دور کی اس ذہنیت کو تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی گئی، ہمیں اس سوچ کو تبدیل کرنا ہے، عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، ہسپتالوں، سکولوں میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، عوامی خدمات کے مقام پر سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہر ہفتہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزراءسے کہتا ہوں کہ وہ اپنی وزارت میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق کوئی ایک اقدام کریں، آئی جی پنجاب سے بھی کہا ہے کہ تھانوں میں عام شہریوں کی سہولت اور اعتماد سازی کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، جب عوام میں یہ یقین پیدا ہو جائے گا کہ حکومت خدمت پر یقین رکھتی ہے تو وہ ہمارے شراکت دار بنیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ ایک دن میں نہیں بنی، اس کیلئے پہلے سوچ بدلی اور پھر مسلمان چند سالوں میں عظیم قوم بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ ماضی میں بھاری خسارہ میں تھا لیکن اگلے سال یہ منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر مبنی نظام ہی کامیاب ہوتا ہے، جمہوریت میں میرٹ ہوتا ہے اور بادشاہت میں وراثت ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ جمہوریت نے بادشاہت کو شکست دی، مسلمان جمہوریت سے بادشاہت اور مغرب بادشاہت سے جمہوریت کی طرف بڑھا۔ انہوں نے کہا کہ چین میرٹ کی بنیاد پر ترقی کر رہا ہے، ہم بھی اسی طرز کا میرٹ کا نظام لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، میرٹ پر اداروں کو ٹھیک کریں گے، قابل لوگوں کو اوپر لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر اداروں میں بہتری لانے کیلئے پرعزم ہیں، گذشتہ سال مشکل سال تھا، معیشت کے حوالہ سے کئی چیلنجز درپیش تھے جن میں درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی شامل تھی، 2019ءمیں معاشی استحکام کیلئے کوششیں کیں، 2020ءمیں پاکستان ترقی کرے گا، معیشت ترقی کرے گی، عوام کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، احساس پروگرام کے ذریعے غربت ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

تقریب سے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے بھی خطاب کیا۔

و ی این ایس،  اسلام آباد

Download Video