استنبول،16 دسمبر(اے پی پی ):سینیٹر بیرسٹر محمد علی خان سیف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ بن چکا ہے اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں خطے میں عدم استحکام اور بد امنی کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے دیرینہ حل طلب مسائل میں شامل ہے جس پر اقوام متحدہ کے مشترکہ قراردادوں اور بنیادی انسانی حقوق، آزادی اور انصاف کے عالمی اصولوں کے مطابق توجہ اور فوری حل کی ضرورت ہے۔
ترکی میں منعقدہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے 12 ویں اجلاس میں سے خطاب میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پچھلے چار ماہ سے مقبوضہ وادی کے لوگوں کو وحشیانہ کرفیو، مواصلات کے تعطل، انسانی حقوق کی پامالی، قتل، تشدد، گرفتاریوں اور آزادی پر پابندیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ علاقائی امن اور ترقی کی خاطر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
بھارتی وفد نے پاکستانی وفد کی تقریر کو سبوثاژ کرنے کی کوشش کی اور مداخلت کی متعدد کوششیں کیں لیکن کامیاب نہیں ہوا۔ سینیٹر بیرسٹر سیف نے مداخلت کا فوری جواب دیا اور وفد کے ممبران کو بطور پارلیمنٹرین ذمہ دار برتاؤ کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔
ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے ترکی میں منعقدہ 12 ویں سالانہ اجلاس میں 42 ممبرممالک اور20 مبصرین شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستانی وفد میں سینیٹرتاج محمد آفریدی اور سینیٹر شمیم آفریدی بھی شامل ہیں۔
وی این ایس، اسلام آباد