اسلام آباد، دسمبر 23 (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور گڈ گورننس کے عمل کا حصہ بننے کے لئے ڈیموکر یٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹ بلٹی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ کرپشن سے پاک اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے شہریوں کو بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے ۔
اسلام آباد میں آج ٹرسٹ فار ڈیموکر یٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹ بلٹی (ٹی ڈی ای اے ) کے تحت سٹیزن وائس پراجیکٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ نے شہریوں کو ،خصوصا خواتین ، معذور افراد اور بوڑھوں سمیت ہمارے معاشرے کے کمزور گروہوں کو اپنی آواز بلند کرنے اور سرکاری اداروں کو جوابدہ رکھنے کے لئے بااختیار بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی تعلیم ، ان کی تنظیموں کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے ، جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں انتخابی اور سیاسی عمل کو بہتر بنانے اور انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق کو ختم کرنے کے لئے سول سوسائٹی کی تنظیموں خصوصا ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ احتساب کا فعال کردار قابل تحسین ہے
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ نادرا نے بھی زیادہ سے زیادہ عوام کو شناختی کارڈ فراہم کر کے الیکشن میں شفافیت لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اس مثالی ہم آہنگی نے پاکستانی خواتین کو اپنے آپ کو ووٹر کے طور پر رجسٹر کرنے کے مواقع فراہم کیے۔
وی این ایس اسلام آباد