وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کا  سلامتی کونسل کے صدر کو  خط

126

اسلام آباد،19دسمبر(اے پی پی ): بھارت کے مذموم   عزائم کی نشاندہی   اور بین الاقوامی برادری کی  توجہ بھارت کے   اقدامات کی جانب مبذول کروانے کے لیے  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی  جانب سے ایک خط  سلامتی کونسل کے صدر کو ارسال کیا گیا جس میں لائن آف کنٹرول پر لگی ہوئی باڑ کو  کاٹنے  جیسے   اقدامات   پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔

جمعرات  کو  اپنے ویڈیو بیان میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا  کیہ جنوری 2019 سے لے کر     بھارت کی جانب سے   ابتک تین ہزار  سے زائد لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس میں  خواتین اور بچوں سمیت   تین سو  کے  قریب نہتے انسانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔پانچ اگست کے بھارتی اقدامات کے پیش نظر اس مسئلے کو سیکورٹی کونسل میں اٹھایا گیا اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں بند کمرے کے اجلاس میں ساری صورتحال کا جائزہ  بھی لیا گیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ   نئے اقدامات کو سامنے رکھتے ہوئے سلامتی کونسل کو اقوام متحدہ  کی جانب سے تعینات فوجی مبصر گروپ  کے ذریعے چھان بین کروائی  جائے اور وہ زمینی حقائق سے سلامتی کونسل کو آگاہ کریں۔ان کا کہنا تھا   کہ  نریندر مودی کے عزائم واضح ہیں سب سے پہلے 5 اگست کو غیر قانونی اقدامات کئے گئے جس میں پورا کشمیر سراپا  احتجاج ہے  جبکہ  امریکہ، یورپی یونین، ہاؤس آف کامنز اور دنیا کے بڑے بڑے  دارلحکومتوں میں بھی  احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔

  وزیر خارجہ کا کہنا تھا    کہ مقبوضہ وادی میں  آج کرفیو کو 136 دن ہو چکے ہیں کمیونیکیشن بلیک آؤٹ ہے، مواصلات کے ذرائع معطل ہیں  اور میڈیا  بھی نہیں  جا سکتا جبکہ  ڈپلومیٹس پر  بھی پابندی ہے۔اس کے علاوہ  بابری مسجد کےفیصلے  سے ہندوستان کے 20 کروڑ مسلمانوں اور اقلیتوں میں تشویش اور احساس محرومی پائی جاتی ہے۔این آر سی  کا جو قدم اٹھایا گیا اس پر بھی اپوزیشن سراپا احتجاج ہے۔

انہو ں نے کہا کہ ہندوستان کے چیف کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ، یہ اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ ہندوستان کے ارادے درست نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ  ہم  امن کے خواہشمند  ہیں لیکن  اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیر خارجہ نے  پاکستانی قوم کی طرف سے نریندر مودی  کو باور کروایا کہ   پاکستانی  پر امن لوگ ہیں لیکن 27 فروری کو مت بھولیے گااگر جارحیت کی گئی، فالس فلیگ آپریشن کیا گیا یا کسی بہانے آڑ میں آپ نے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو پاکستانی افواج تیار ہیں۔انہو ں نے کہا کہ  بروقت اور مناسب جواب دیا جائے گا ۔

شاہ محمود قریشی   نے کہا کہ  پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے، پاکستان کے نظریئے، جغرافیے اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی دکھائی دے گی۔

وی این ایس ،اسلام آباد

Download Video