وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات

170

سری لنکا ،02 دسمبر (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ ء پاکستان سے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں ۔پاکستان، سری لنکا کے ساتھ، کئ دہائیوں پر محیط، ان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا متمنی ہے ۔دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ  نے سری لنکا کے نئے مقرر ہونے والے وزیر خارجہ ڈائنش گناوردینا سے ملاقات  میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے  امور پر تبادلہ خیال کرتے  ہوئے  کیا ۔ وزیر خارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے  بتایا کہ  پاکستان نے معاشی سفارتکاری کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے سری لنکن وزیر خارجہ سے کہا کہ وہ وہ جلد از جلد، اپنے ملک کی موثر کاروباری شخصیات کے ہمراہ پاکستان تشریف لائیں تاکہ ان کی ملاقات پاکستان میں موجود بزنس کمیونٹی سے کروائی جاسکے  تا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ کیا جا سکے۔

وزیر خارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو 5 اگست کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ان کے نتیجے میں خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے  کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے دنیا بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روا‍ں  ماہ کے اختتام پر، پاکستان میں منعقد ہونیوالے دو ٹیسٹ میچز میں شرکت کیلئے سری لنکن ٹیم کی آمد کے منتظر رہیں گے ۔ وزیر خارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب  کو اپنی طرف سے تہنیتی خط بھی دیا جس میں انہیں پاکستان تشریف لانے اور یہاں موجود بدھ مذہب کے تاریخی ورثہ دیکھنے  کی دعوت دی گئی ۔

اس موقع  پر سری لنکن وزیر خارجہ ڈائنش گناوردینا نے سری لنکا آمد پر، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ  نئی حکومت کی تشکیل کے بعد، سری لنکا کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر خارجہ ہیں ۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لئے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

سری لنکا کے وزیر خارجہ نے، اپنے مڈ کیریر سفارتکاروں کی تربیت، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے دلوانے کی درخواست کی جسے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خوش دلی سے قبول کیا۔

وی این  ایس ، سری لنکا

Download video