اسلام آباد ، 27 دسمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت اور سیاحت سمیت تمام شعبوں میں موجودہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے بردباری شیخ نیہان بن مبارک النیہان کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات قریبی دوستانہ تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جو مشترکہ عقیدے، ثقافت اور ورثہ کی ٹھوس بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کیلئے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے اس بات کو اجاگر کیا کہ 16 لاکھ پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے دونوں ممالک کے د رمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں پل کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو متحدہ عرب امارات کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے پاکستانیوں پر فخر ہے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ورکرز کیلئے مزید روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سورس:و ی این ایس، اسلام آباد