پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں ملکی   معاشی ، سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا؛ڈاکٹر  فردوس  عاشق اعوان

151

اسلام آباد، 12 دسمبر(اے پی پی ):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  پی  ٹی آئی  کور کمیٹی کے اجلاس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کیے  گئے  اقدامات سمیت   ملکی معاشی  اور  سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ  اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پارٹی کی تنظیم نو جلد مکمل کی جائے۔

پی  ٹی آئی  کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرس سے خطاب میں معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ  اجلاس میں وزیراعظم نے عوام کو مقامی حکومتوں کی اہمیت سےآگاہ کرنے کی ہدایت کی جبکہ  وزیر اعظم کو مہنگائی پر قابوپانے کیلئے حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ  اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور  اجلا س میں چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تعیناتی کیلئے قائم کمیٹی کو مزید فعال بنانے پر زور دیا گیا۔

 کور کمیٹی نے پی آئی سی واقعے کی بھی  شدید مذمت کی۔ انہوں  نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیمیں مختلف بار ایسوسی ایشنز اور کونسلز سے رابطے کریں گی ۔پی آئی سی جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی بنائی جائے گی۔اپنی صفوں میں کالی بھیڑوں کے خلاف وکلاء تنظیمیں کارروائی کا آغاز کریں گے۔ پی آئی سی واقعے کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے ،مسیحاؤں اور قانون کے رکھوالوں کا ٹکراؤ کسی طور ملکی مفاد میں نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو تمام فریقوں سے بات کر کے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اوروزارت اطلاعات میں  سوشل میڈیا سے متعلق ڈیجیٹلائزڈ  ونگ بنایا جارہا ہے۔

اجلاس میں روپے کی قدر کو مستحکم کرنےکیلئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات  نے کہا کہ طبی بنیادوں پر ضمانت لینے والے ہسپتال کی بجائے گھرروانہ ہو جاتے ہیں۔ ضمانت لینے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے عمل کی فعالیت جانچنے کیلئے نظام مرتب کیا جا رہا ہے ۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video