کابینہ نے 2018کی پالیسی کے تحت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی : ڈاکٹر  فردوس عاشق اعوان

131

اسلام آباد ،24دسمبر (اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے  اطلاعات ونشریات   ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے   کہا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں ادویات کی قیمتوں  میں ردوبدل کا تفصیلی  جائزہ لیا گیا جس کے بعد  کابینہ نے 2018کی پالیسی کے تحت 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ اجلاس کے  بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز،ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن ڈاکٹر ظفر مرزا  کے ہمراہ  میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق  اعوان کا کہنا تھا  کہ  2018  کی    پالیسی کے تحت ضروری ادویات میں شامل دوا کی قیمت سالانہ 10فیصد کم کرنا ہوتی ہے   ۔ کابینہ کی منظوری کے بعد   ادویات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

اس موقع پر  بات کرتے ہوئے  ڈاکٹر ظفر مرزا   کا کہنا تھا  کہ  پاکستان میں ادویہ ساز شعبے کیلئے جلد نیشنل میڈیسن پالیسی لائی جارہی ہے اور  کابینہ نے دو ماہ کے اندر ادویات کی قیمتوں کا تعین کرنیوالی پالیسی پر نظر ثانی کا کہا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق  اعوان نے مزید بتایا کہ   کابینہ کے اجلاس میں  12دسمبر کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کے علاوہ عرفان بخاری کی  بطور  چیئرمین ایگزم بینک پاکستان تعیناتی ، ٹیکس قوانین میں اصلاحات  اور  پاکستان سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو کی بھی  منظوری دی گئی  ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا  کہنا تھا   کہ  کابینہ نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کیلئے پیکیج کی بھی منظوری دی ہے   جس کے تحت    67کروڑ روپے  کی لا گت سے  ایل او سی پر بسنے والے 13ہزار 982گھرانوں کو  امداد دی جائیگی۔

ڈاکٹر فردوس نے بتایاکہ کابینہ کے اجلاس میں    ای سی ایل میں نام ڈالنے اور نکالنے سے متعلق مختلف کیسز پیش کیے گئے جس کے بعد   ای سی ایل میں نام ڈالنے اور نکالنے سے متعلق  تجاویز کی بھی  منظوری دی گئی ۔ کابینہ نے نامور شخصیت  کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا متفقہ  فیصلہ کیا  ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ  کابینہ نے  وفاقی دارالحکومت میں صفائی کی ناقص صورتحال پر اظہار ناپسندیدگی کیا ہے اور  چیئرمین سی ڈی اے کو   اسلام آباد میں صفائی کی صورتحال فوری بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وی این ایس ، اسلام آباد

Download Video