برفباری کے موسم سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر اور متعلقہ ضروری سامان ساتھ لیکر سیاح سوات کا سفر کریں:سکندر خان، اسسٹنٹ کمشنر سوات

0
89

پشاور،13 جنوری(اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر سوات سکندر خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ سوات نے مالم جبہ اور کالام سمیت ضلع کے دوسری سیاحتی مقامات کی سڑکوں کی حالت ہر وقت قابل سفر رکھنے کیلئے انتظامات کیے ہوئے ہیں تاکہ برفباری کی لہر سے لطف اندوز ہونے کیلئے عوام ان سیاحتی مقامات کا کسی بھی وقت دورہ کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار سکندر خان نے اپنے ایک وڈیو پیغام میں کیا جسمیں انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ سوات کی جانب رخ کرتے سیاح  اپنی گاڑیوں کو چین ( زنجیریں ) لگا کر سفر کیا کریں اور برفباری کے موسم سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر  عمل کرکے آئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس سیاحوں کی خدمت کیلئے ہر وقت حاضر رہے گی۔

 جن لوگوں کو گاڑیوں کو چین لگانے کے طریقہ کار سے واقفیت نہ ہو انہیں چاہیے کہ سوات، مینگورہ سے نکلتے وقت مقامی گاڑیوں کا سہارا لیں اور یہ بات یقینی بنائیں کہ ان گاڑیوں کو چین لگی ہوئی ہو کیونکہ بغیر چین لگی گاڑیوں کو حادثات پیش آنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

آجکل مالم جبہ اور کالام سمیت دیگر تمام پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری جاری ہے جہاں ملک اور بیرون ملک سے سیاح جوق در جوق سوات آرہے ہیں انکی حفاظت اور رہنمائی کیلئے بھی سوات کی ضلعی انتظامیہ نے انتظامات کئے ہوئے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ سوات نے اس بات پر بہت زور دیا ہے کہ سیاح اپنی گاڑیوں میں چین کی تنصیب یقینی بنائیں اور تمام تر احتیاطی تدابیر اور ضروری ساز و سامان اپنے ساتھ رکھ کر ان علاقوں میں سیاحت کیلئے نکلیں۔

وی این ایس پشاور

Download Video