مقصد کی سچائی اور مسلسل محنت کامیابی کے مسلمہ اصول ہیں: ائیر چیف

0
64

سرگودھا، 25 جنوری( اےپی پی): پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے راشد آباد میں  قائم ’سرگودھانی اسپرٹ ٹرسٹ پبلک اسکول’’کے15 ویں ’یوم تاسیس کے موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے  کہا  کہ یہاں سے حاصل کردہ تعلیم آپ کیلئے علم کی نئی راہیں کھول دے گی۔ یاد رکھئے،مقصد کی  سچائی اور مسلسل محنت ہی کامیابی کے مسلمہ اصول ہیں۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر  سربراہ پاک فضائیہ نے   اولڈ سرگودھیینز کی اپنی درسگاہ، پی اے ایف کالج، سرگودھا سے برسوں پہلے حاصل کردہ علم، مہارت اور صلاحیت قوم کو واپس لٹانے کی کاوش کی تعریف کی۔ ائیر چیف نے اسکول انتظامیہ کی نوجوان طلباء کی بہترین شخصیت سازی  کے عمل کی تعریف کی جو کہ اساتذہ کی دیکھ بھال، پیار اور رہنمائی کا بین ثبوت ہے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کے مستحق طلباء کو اسکالرشپ فراہم کرنے کے لئے اٹھائے گئے شانداراقدام کو بھی سراہا۔ تعمیر ملت میں اساتذہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی یہ بھاری  ذمہ داری سونپی جاتی ہے کہ کہ وہ نوجوان ذہنوں کو قومی خدمت کے لئے تیار کریں۔

  تقریب کے اختتام پراسکول کے طلبہ نے جمناسٹک، مارشل آرٹ اور پی ٹی شو پیش کیا۔  اس تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، اساتذہ، بیوروکریٹس اور طلباء کے والدین نے شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، سرگودھا