آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل کے معاملے پر اپوزیشن نے قومی اور سیاسی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ؛ ڈاکٹر فردوس

131

سیالکوٹ، 05جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل کے معاملے پر اپوزیشن نے قومی اور سیاسی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، امیدہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بل کو مکمل یکجہتی اوراتحاد کے ساتھ منظور کرائیں گی۔

اتوار کو سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قومی کے وسیع مفاد میں قومی اداروں پر سیاست کرنے سے گریز کرنی چاہیے، تمام ادارے قومی ادارے ہیں اور یہ ادارے کسی پارٹی کے نہیں بلکہ پاکستان کے ادارے ہیں۔

 انہوں نے  کہا کہ کسی کو بھی اس خطے کے امن کو خراب نہیں کرنا چاہیے، اگر امن خراب ہوتا ہے تو پھر افغان امن عمل بھی بری طرح متاثر ہو گا، پاکستان نے بڑی قربانیاں دے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افواج پاکستان قوم کا فخر ہیں، پاکستان کا دفاع بہت مضبوط ہاتھوں میں ہے پوری پاکستانی قوم دہشت گردی ، شورش اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہے۔پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر وطن کے دفاع کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، پائیدار امن کے قیام کے لئے پاکستان اپنا بنیادی کردار جاری رکھے گا۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے حالیہ فضائی کارروائی کے بعد حکومت مشرق وسطی کی موجودہ صورتحال میں پہلے پاکستان کے مفاد کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پیر کو پارلیمنٹ میں مشرق وسطی کے معاملے پر پاکستان کی ترجیحات اور پالیسی کے بارے میں بریفنگ دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 154 دنوں سے مسلسل سخت کرفیو میں زندگی گزار رہے ہیں، کشمیری حق رائے دہی اور حق خود ارادیت سے متعلق قراردادوں پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور مکمل یکجہتی کا اظہارکرتی ہے، کشمیری عوام کی ہندوستان سے آزادی کے لئے نسل در نسل جدوجہد جلد نتیجہ خیز ہوگی اورکشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کے بنیادی، انسانی، مذہبی اور آزادی کے تمام حقوق کو بری طرح سے کچل دیا ہے، کشمیری اس مشکل وقت میں تنہا نہیں ہیں، پاکستان کے22کروڑعوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان مظلوم کشمیریوں کے حق رائے دہی کے حق کے لئے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم نے تصور کیا تھا، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان امن اور رواداری کا گہوارہ بنتا جا رہا ہے ۔

 پاکستان میں رنگ، ذات یا مذہب کی بنیاد پر کوئی امتیازی سلوک نہیں ہے اور تمام اقلیتوں کو پاکستان سے پیار ہے کیونکہ ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے، تمام اقلیتیں اپنے مذہب پر عمل کرنے کے لئے آزاد ہیں، پاکستان کا آئین ان کے حقوق کی ضمانت ہے اور اسلام تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے۔

وی این ایس ،سیالکوٹ