وزیراعظم عمران خان کی پنجاب کے تحریک انصاف کے صوبائی اسمبلی کے اراکین سے گفتگو

133

لاہور، 26 جنوری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بھرپور وسائل سے نوازا ہے، 2019ءمعیشت کو سنبھالنے اور استحکام کا سال تھا، 2020ءترقی کا سال ہوگا، معیشت میں استحکام آ گیا ہے، پاکستان درست سمت میں رواں دواں ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر بھرپور اعتماد ہے، قوموں کی زندگیوں میں نشیب و فراز آتے ہیں لیکن ہم نے ہمت اور دلیری سے حالات کا مقابلہ کرنا ہے، سابق حکومتوں نے پاکستان کو بے دردی سے لوٹا اور عوام کو غربت اور بے روزگاری کے اندھیروں میں دھکیل دیا۔ اتوار کو وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے پنجاب کے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی اسمبلی کے اراکین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بھرپور وسائل سے نوازا ہے۔ گذشتہ سال انتہائی مشکل سال تھا۔ ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا۔ الحمداللہ معیشت میں استحکام آ گیا ہے۔ ہم مشکل وقت سے گزر آئے ہیں۔ اب ہم نے روزگار فراہم کرنا ہے ، صنعتی ترقی کے لئے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومتی اخراجات، خصوصاً بیرونی دوروں پر اخراجات میں ریکارڈ بچت کی ہے۔میرے حالیہ دورہ ڈیووس میں ہم نے اخراجات کی مد میں ریکارڈ بچت کی ہے۔دنیا کی معروف کمپنیوں کے سی ای اوز آج پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں جس سے دورہ ڈیووس میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے پاکستان کو بے دردی سے لوٹا اور عوام کو غربت اور بے روزگاری کے اندھیروں میں دھکیل دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ جو انتظامی، سماجی، معاشی اور اقتصادی تبدیلیاں ہم لے کر آ رہے ہیں ان سے ملک ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہو گا۔ قوموں کی زندگیوں میں نشیب و فراز آتے ہیں لیکن ہم نے ہمت اور دلیری سے حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ ملائیشیا میں مہاتر محمد نے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں عوام نے ہماری صحت، مقامی حکومتوں کے نظام اور خصوصی طور پر پولیس کے نظام کے حوالے سے کامیاب پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اس نظام کی کامیابی کی بنیادی وجہ سیاسی عدم مداخلت تھی۔ انہوں نے کہا کہ خاجہ پالیسی کے افق پر گذشتہ ایک سال میں پاکستان دنیا بھر میں ایک اہم اور نمایاں ملک کے طور پر ابھرا ہے۔ آج دنیا بھارت پر تنقید کر رہی ہے۔ آج ہمارے تمام اہم ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بحال ہوئے ہیں اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہ ممالک پاکستان کی قیادت کو ایماندار تصور کرتی ہے اور ہم پر اعتماد کرتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں بہترین انتظامی ٹیم لے کر آئے ہیں۔ انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندگان میں ہم آہنگی اور بہتر گورننس کے لئے ایک مربوط حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے تاکہ عوام الناس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ 2019ءمعیشت کو سنبھالنے اور استحکام کا سال تھا، 2020 انشاءاللہ ترقی کا سال ہوگا۔ پاکستان درست سمت میں رواں دواں ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر بھرپور اعتماد ہے۔

سورس: وی این ایس، لاہور