وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  دو روزہ  دورے پر کینیا روانہ،انگیج افریقہ کانفرنس میں شرکت کریں گے

173

اسلام آباد ، 28 جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ اہم سرکاری دورے پر کینیا روانہ ہو گئے جہاں وہ “انگیج افریقہ معاشی سفارتکاری کانفرنس” میں شرکت کریں گے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد اس کانفرنس کی سربراہی کریں گے۔ پاکستان کی 100 کے قریب کاروباری شخصیات بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیر خارجہ کینیا کے صدر اور وزیر خارجہ سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیر بھی کانفرنس میں شرک ہوں گے۔

وزارت خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق دورے پر روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک آزاد اور خود مختار خارجہ پالیسی کے لیے معاشی استحکام لازم ہے۔ اس مقصد کو آگے بڑھانے کے لئے وزارت خارجہ نے معاشی سفارت کاری کو ایک اصول کے طور پر اپنایا ہے اور ہم اس میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ میں ایک معاشی سفارت کاری کے تحت “انگیج افریقہ” کانفرنس منعقد کروائی گئی تھی جس کا افتتاح صدر پاکستان نے نے کیا تھا اور وزیر اعظم نے اختتامی تقریب سے خطاب کیا تھا جس سے ایک واضح سمت کا تعین ہو گیا۔ افریقہ ایک ایسا براعظم ہے جس میں 54 ممالک ہیں اور بے پناہ وسائل موجود ہیں۔ وہاں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں افریقہ کی طرف ہم وہ توجہ نہیں دے سکے جو ہمیں دینی چاہیے تھی لہذا حکمت عملی کو تبدیل کرتے ہوئے ہم نے افریقہ کی طرف توجہ مبذول کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی حکمت عملی کو آگے بڑھاتے ہوئے میں کینیا روانہ ہو رہا ہوں جہاں دو روزہ “انگیج افریقہ، معاشی سفارتکاری کانفرنس میں شرکت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ہم نے افریقہ کی اہم کاروباری شخصیات کو بھی مدعو کر رکھا ہے اور کوشش یہ ہے کہ ہم تبادلہ خیال کے ذریعے افریقہ میں اپنی رسائی کو فروغ دیں۔ افریقی ممالک کے ساتھ اپنے سیاسی اور سفارتی تعلقات کو بڑھاتے ہوئے اپنی تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ کریں۔ کینیا، افریقہ کا گیٹ وے ہے کینیا کے ساتھ ہمارے گہرے اور دیرینہ مراسم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کینیا کے صدر کنیاٹا اور ان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کروں گا اور میری کوشش ہو گی کہ اس کانفرنس کے ذریعے نہ صرف کینیا بلکہ دیگر افریقی ممالک کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہوں۔ اس کانفرنس میں افریقی ممالک میں جتنے ہمارے سفراءہیں وہ بھی شریک ہو رہے ہیں مجھے امید ہے کہ اس کانفرنس سے پاکستان کے لیے بہتر ثمرات سامنے آئیں گے۔

وی این ایس،اسلام آباد

Download video