اسلام آباد، جنوری 30 (اے پی پی: (ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں 10.3 ارب روپے لاگت کے 6 منصوبے منظور ، جبکہ 30.86 ارب روپے کی لاگت کے 02 منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے ۔اجلاس میں توانائی ، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،ٹرانسپورٹ اور مواصلات اور تعلیم سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے ۔
سنٹرل ڈویپلمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں توانائی سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے جس میں 220 کے وی ہری پور سب اسٹیشن کی تعمیر کے لیے 3626.54 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا ، توانائی کا ہی دوسرا منصوبہ تھر میں 330 میگاواٹ صدیق سنز انرجی کول فائر پاور پلانٹ سے بجلی کے انخلاء کے لیے 2354.32 ملین روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا ۔اجلاس میں فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ
اسلام آباد پولیس ایچ الیون کے رہائشی سیکٹر کی تعمیر کے لیے 151.971 ملین روپے کی لاگت اور دوسرا منصوبہ میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے لیے 150.836 ملین روپے کی لاگت پیش کی گئی ، اجلاس میں دونوں منصوبوں کو منظور کر لیا گیا ۔ اجلاس میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں نیشنل الیکٹرانکس کمپلیکس آف پاکستان (NECOP) فیز 1 کی تعمیر کے لیے 17918.251 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا ۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹ اور مواصلات سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے ، جس میں پہلا منصوبہ بلوچستان کے ضلع سبی اور ضلع کوہلو کی دو سڑکو ں کی تعمیر اور کشادگی کے لیے 4000 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا ، دوسرا منصوبہ لودھراں سے ملتان 62 کلو میٹر سڑک کی تعمیر اور ریلوے کراسنگ لودھراں بائے پاس کی تعمیر کے لیے 12945.202 ملین روپے کی لاگت پیش کی گئی جس کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا ۔
اجلاس میں تعمیر اسکول پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا کے گورنمنٹ اسکولوں میں باؤنڈری والز کی تعمیر کے لیے 203.675 ملین روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا ۔
اجلاس میں دو پوزیشن پیپرز “اٹامک انرجی کینسر ہسپتال کی اپ گریڈیشن” اور “بینو بہاولپور میں تشخیصی اور علاج معالجے کی سہولیات کی اپ گریڈیشن” کے منصوبوں کے لیے سی ڈی ڈبلیو پی نے 4 ارب روپے کی منظوری دی۔
اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔
سورس:وی این ایس اسلام آباد