گلگت بلتستان کا خطہ سی پیک کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے؛ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

166

اسلام آباد ، 11 جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فنکار اور گلوکار پاکستان کا حقیقی چہرہ ہیں، گلگت بلتستان کا خطہ تاریخی اعتبار سے اہمیت کا حامل خطہ ہے جو سی پیک کی کامیابی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ، گلگت بلتستان کے بہادر اور نڈر عوام نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں “قراقرام کی صوفی موسیقی کے رنگ” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ احترام انسانیت کا درس دیا اور ہمارے سب سے بڑے انسانی حقوق کے چمپئین  پیغمبر آخری الزمان حضرت محمدﷺ ہیں جنہیں رحمت اللمسلمین نہیں بلکہ رحمت اللعالمین بنا کر دنیا میں بھیجا گیا کیونکہ اللہ تعالیٰ بھی اپنی مخلوقات سے محبت کرتا ہے جو رب اللعالمین ہے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس روحانی محفل کے انعقاد کے منتظمین کی شکرگزار ہوں ان کی یہ کاوش نہ صرف ان کے وژن کی عکاسی کرتی ہے بلکہ روحانی سوچ کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعری آوازوں کا روپ دھار کر جو شرکاءکی سماعتوں کا سببت بنی اس میں بروشسکی اکیڈمی کا کردار اہمت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت سے محبت کا جو بنیادی پیغام ہم یہاں سے لے کر جائیں گے وہ احترام انسانیت کا پیغام ہے جو تمام معاشرتی مسائل کا حل ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے علامہ نصیر الدین نصیر ہنزائی کی روحانی اور ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 100 سے زائد کتب لکھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مواقعوں کی سرزمین ہے، معاشرے کے مسائل کا حل علمی اور روحانی سرگرمیوں میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ رواداری اور قدیم روایات کے امین ہیں۔

سورس: وی  این ایس، اسلام آباد