سیاست سے بالا تر ہو کر گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے: اسد عمر

0
40

اسلام آباد 13 فروی ( اےپی پی):  چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے گلگت بلتستان محمد اشرف صدا کی سربراہی میں گلگت بلتستان کونسل کے اراکین کے وفد نے  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر سے جمعرات کو وزارت منصوبہ بندی میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں جی بی کونسل کے اراکین نے سی پیک منصوبے میں گلگت بلستان کی نمائندگی اور جی بی سے متعلق مختلف مسائل پر بات چیت کی۔

گلگت بلتستان کے اراکین سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ سیاحتی اور دفاعی نقطہ نظر سے انتہائی اہم سڑک “گلگت سکردو روڈ” کے لیے گزشتہ روز ہی اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ فنڈز کی کمی کے باعث سست رفتاری سے جاری کام میں تیزی لائی جا سکے ۔ انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان خشک پھل، تازہ پھل ، معدنیات اور کان کنی سے مالا مال ہے حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ  جی بی میں فروٹ پروسیسنگ یونٹ اور سنگ مرمر اور سٹون کی پالش کے لیے فیکٹری قائم کی جائے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی بڑا پروجیکٹ اس وقت تک نہیں لگایا جائے گا جب تک اس علاقے میں جدید قسم کے ٹیکنیکل انسٹیٹوٹ نہ لگ جائیں کیونکہ اس علاقے کے مقامی نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہی حکومت کا اصل مقصد ہے ۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سیاست سے بالا تر ہو کر گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ، انھوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ کاشغر سے گلگت اور کاشغر سے سکردو کے لیے ہفتہ میں کم از کم ایک فلائیٹ ضرور چلائی جائے جو سیاحت کے فروغ کے لیے بہت ضروری ہے ۔ اسد عمر نے گلگت بلتستان کونسل کے  اراکین کو جی بی کے نوجوانوں کے لیے چائینا کے تعیلمی سکالرشپس میں زیادہ کوٹہ رکھنے کی یقین دہانی بھی کروائی

اے پی پی / سعیدہ /ریحانہ